شاہ غلام قادر یا افتخار گیلانی؟ وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے میچ پھر ٹائی
آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کی نامزدگی پر مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت میں مشاورتی عمل آخری مراحل میں داخل
آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ شاہ غلام قادر یا افتخار گیلانی؟ کیا تجربہ اور مقبولیت میدان مارے گی یا پھر قبولیت سرخرو ہوگی؟ اس اہم مسئلے پر مسلم لیگ ن کے مرکزی بڑوں نے ایک بار پھر مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس میں رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر سینئر لیگی رہنما آزاد کشمیر میں نئے صدر، وزیراعظم اور سینئر وزیر کے عہدوں کی نامزدگی کے لیے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔ اس بیٹھک میں آزاد کشمیر سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، چوہدری طارق فاروق اور افتخار گیلانی بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بھی رات 11 بجے کے بعد اس اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل “قبولیت” کے نمائندے افتخار گیلانی کا نام وزیراعظم کے عہدے کے لیے منظرِ عام پر آیا تھا، تاہم بعد میں ن لیگ کی مرکزی قیادت نے سینئر رہنما شاہ غلام قادر کے نام پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں باضابطہ نامزد کر دیا تھا۔ لیکن اب آخری لمحات میں ایک بار پھر افتخار گیلانی کا نام اس دوڑ میں شامل ہونے سے سیاسی فضا گرم ہو گئی ہے۔