راولپنڈی: ٹک ٹاک پر کام کا جھانسہ دے کر خاتون سے اجتماعی زیادتی
راولپنڈی پہنچنے کے بعد اسے کلرسیداں کے ایک فلیٹ میں لے جایا گیا، جہاں اکرام نے اپنے ساتھی توحید کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: تھانہ کلرسیداں کی حدود میں ایک خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے قریبی عزیز اکرام نے اسے ٹک ٹاک لائیو پر کام کے سلسلے میں سرگودھا سے راولپنڈی بلایا۔
خاتون کا الزام ہے کہ راولپنڈی پہنچنے کے بعد اسے کلرسیداں کے ایک فلیٹ میں لے جایا گیا، جہاں اکرام نے اپنے ساتھی توحید کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون کی درخواست پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔