فلاح انسانیت فائونڈیشن کو کام جاری رکھنے کی اجازت

0

اسلام آباد(نمائندہ امت؍خبر ایجنسیاں)سپریم کورٹ نےوفاقی حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو ملک بھر میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔امیر جماعت الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے فیصلے کو حق سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کارکنان و ذمہ داران کو شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی میڈیا کوریج روکنے کے معاملے پر وفاقی حکومت سے10دن میں جواب طلب کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک و جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل بنچ نےبدھ کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس امین الدین خان نے حافظ سعید کی درخواست پر 4اپریل کوحکم دیا ا تھا کہ حکومت جماعت الدعوة اور اس کے رفاہی ادارے کیخلاف ایسا کوئی اقدام نہ اٹھائے جس سے رفاہی و فلاحی سرگرمیاں متاثر ہو نے کا اندیشہ ہو۔ فیصلہ کے خلاف وزارت داخلہ نے نواز لیگ دور کے وزیر داخلہ احسن اقبال کی ہدایات پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ نے پیمرا کی جانب سے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی میڈیا کوریج روکنے کے حوالہ سے دائر کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت سے 10 دن میں جواب جمع طلب کر لیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ کوریج پر پابندی اقوام متحدہ کی قرار داد پر صدارتی آرڈیننس کی وجہ سے لگائی گئی تھی تاہم اب یہ آرڈیننس موجود نہیں ہے۔ لہٰذا وزارت اطلاعات اور پیمرا نمائندے بتائیں کہ میڈیا کوریج پر پابندی کس بنیاد پر لگائی گئی ہے۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے وکیل راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ اقوام متحدہ کی قرار داد 1267 کے مطابق بیرونی سفر، بینک اکاونٹ انجماد اور اسلحہ لائسنس رکھنے کے سوا کوئی پابندی عائد نہیں کی جاسکتی ہے ۔وزارت قانون سےپتہ کیا جائے کہ کیا صدارتی آرڈیننس پارلیمنٹ میں پیش ہوا تھا؟۔ اس کی تازہ حیثیت کیا ہے ؟۔ اگر آرڈیننس ختم ہوگیا ہے تو پھرکوریج پر لگائی گئی پابندی کی کیا حیثیت ہے؟۔ادھر امیر جماعت لدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے امدادی کام جاری رکھنے کے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے ۔انہوں نےکارکنان و ذمہ داران کو فیصلہ آنے پر شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا کام کرنے والی جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو سرخرو کیا ہے۔ترجمان فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ندیم احمد نے ’’امت‘‘سے گفتگو میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جس نے سرخرو کیا ۔خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے بھی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کا کام سب کے سامنے ہے۔سیلاب ہو یا زلزلہ فلاح انسانیت نےہمیشہ آگے بڑھ کرہم وطنوں کی مدد کی۔ ملک بھر میں پاکستانیوں کی مشکل وقت میں امداد کرنا فلاح انسانیت اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے ۔عدالتی فیصلہ خوش آئندہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More