پاکستان ورلڈکپ سے قبل 26 ون ڈے میچز کھیلے گا

0

لاہور(امت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے ہم نے 20 سے 22 کھلاڑیوں کا پول تیار کر لیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے 26 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہیں، ان میچوں سے ہمیں اپنی تیاریوں کا بھی اندازہ ہوجائے گا اور یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ کن کن کھلاڑیوں کے ساتھ میگا ایونٹ میں جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں ہم نے مشکل کرکٹ کھیلنا ہے، آسٹریلیا نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے لئے بھرپور تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے آئیڈیل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور انضی کو 20,22 کھلاڑیوں کا علم ہے اور یہ بھی پتہ ہے کہ ہماری ٹورنامنٹ میں ڈائریکشن کیا ہوگی۔مکی آرتھر نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ میں ہمیں بھارت کے خلاف میچ کھیلنا ہے، اس میچ کا چرچہ ہے لیکن دیگر ٹیمیں بھی کم ترنہیں ہیں، سب ٹیمیں تیاریوں کے ساتھ آئی ہیں، ایشیا کپ مشکل ٹورنامنٹ ہے، کسی حریف کو کم تر نہیں سمجھ سکتے۔ اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی پرکھنے کاموقع مل رہا ہے۔ویرات کوہلی کے نہ کھیلنے پر مکی آرتھر نے کہا کہ بلاشبہ کوہلی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں ان کے نہ ہونے سے ٹیم کمزور ہوجاتی ہے اس کے باوجود بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے، ان کنڈیش کے لئے بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے ان کے فاسٹ اور اسپین بولر بہت اچھے ہیں۔ بھارتی ٹیم کو ون مین شو قرار دینا درست نہیں ہے، مجھے امید ہے کہ اگر ہم اچھا کھیلے تو پھر بدھ کو یہاں اچھا میچ ہوگا پاکستانی ٹیم ٹف ٹائم دے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More