بھارت نے ہمیشہ پاکستان کےامن کوششوں کو سبوتاژ کیا-سراج الحق

0

پشاور/چارسدہ( امت نیوز/بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سر اج الحق نے کہاہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستانی کوششوں کا بھارت نے ہمیشہ مذاق اڑایا اور ان کوششوں کا مثبت جواب دینے کی بجائے اسے پاکستان کی کمزوری سمجھا ۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کیا لیکن عالمی قوتوں ، خاص طور پر امریکہ نے بھارت کے اس منفی اور متکبرانہ رویے کا نوٹس لینے کی بجائے اس کی سرپرستی کی ۔ اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر متنازعہ علاقہ ہے بھارت نے زبردستی اس پر قبضہ کر رکھاہے۔ کشمیر میں بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کر رہاہے اور ہزاروں کی تعداد میں ہندوؤں کو دوسری ریاستوں سے لاکر کشمیر میں آباد کر رہاہے تاکہ کشمیر میں ہندو آبادی کے تناسب کو بڑھا کر کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو ختم کر سکے مگر بھارت اپنے ان مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا ۔ کشمیری عوام بھارت سے آزادی حاصل کرنے کے لیے جوقربانیاں دے رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔حکومت پاکستان کو کھل کر کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی سرپرستی کرنی چاہیے اور عالمی برادری کو کشمیر میں ہونے والے ظلم و جبر سے آگاہ کرنا چاہیے ۔ 27 ستمبر کو وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھیں اور بھارت کے مذاکرات سے مسلسل انکار کو بھی گفتگو کا موضوع بنایا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور کے اجتماع ارکان اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع ارکان سے ضلعی امیر صابر حسین اعوان نے بھی خطاب کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More