مریم اورنگزیب کیخلاف بھی نیب میں کھاتہ کھل گیا

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )قومی احتساب بیورو(نیب) نے مختلف شکایات پرسابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کے اثاثوں کی چھان بین شروع کردی ۔ نیب نے اس حوالے سے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔بھجوائی گئی شکایات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اس کے بعدمعاملات کونیب کی بورڈ میٹنگ میں پیش کیے جانے کاامکان ہے ۔ جب کہ ان کے ساتھ اس وقت کے پی آئی ڈی کے جو افسران ، ڈائریکٹر ،ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر ایچ آر تھے ان کو بھی اس حوالے سے انکو ائری کے لیے طلب کیا جا ئے گا اور ان سے پو چھ گچھ کی جا ئے گی۔ذرائع نے’’امت ‘‘کوبتایاکہ سابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب کے حوالے سے نیب کو قومی فنڈز کا بے دریغ استعمال اورمن پسند میڈیا ہاوٴسز کو اربوں روپے کے اشتہارات دینے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے بارے شکایات موصول ہوئی تھیں ۔جن کی تحقیقات کی جارہی ہیں ان تحقیقات کامقصدان شکایات کی تصدیق کرناہے تصدیق ہونے پرانھیں نیب طلب کیاجاسکتاہے اور مزیدپوچھ گچھ کی جاسکتی ہے ۔نیب ذرائع کامزیدکہناہے کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کو تین سال میں 12 ارب روپے کے اجراء میں مالی بے قاعدگیاں بارے تفصیلات دی گئی ہیں اور مریم اورنگزیب پر اربوں روپے کے اجراء میں اپنا حصہ وصول کرکے اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔دوسری جانب ان شکایات میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے خلاف قومی فنڈز کا بے دریغ استعمال اورمن پسند میڈیا ہاوٴسز کو اربوں روپے کے اشتہارات دینے اور آمدن سیزائد اثاثے بنانے بارے تحقیقات شروع ہوں گی۔کرپشن میں ڈوبی حکومت کی وفاقی وزیر پر یہ بھی الزم ہے کہ انہوں نے پی ٹی وی میں بھاریمعاوضوں پر مسلم لیگ ن کے ورکروں کو بھرتی کیا تھا اور قواعد کی شدید خلاف ورزی ہوئی ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ریڈیو پاکستان اور لوک ورثہ میں بھی من پسند افراد کو اعلیٰ عہدون پر بھرتی کرکے قومی خزانہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ امت سے گفتگومیں نیب ترجمان نے بتایا کہ سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف نیب کو شکایت موصول ہوئی تھی جس میں شکایت کنندہ نے ان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھاکہ مریم اورنگزیب کے خلاف شکایت کنندہ کا نام ابھی نہیں بتا سکتے تاہم شکایت پر قانون کے مطابق عملدرآمد ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایاکہ ہم صرف شکایات کی ویری فکیشن کرارہے ہیں اس کے بعدہی کچھ کہ سکیں گے ۔مریم اورنگ زیب کے معاملے کونیب بورڈ میٹنگ میں رکھے جانے بارے سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ یہ صرف افواہیں ہیں ابھی اس بارے فیصلہ نہیں کیاگیا ۔ واضح رہے کہ مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان ہیں اور (ن) لیگ کے گزشتہ دورِ حکومت میں وزیر مملکت برائے اطلاعات رہ چکی ہیں جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کے آخری ایام میں انہیں وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More