آسیہ کی بریت کےخلاف ملک گیر مظاہرے-ملعونہ کینیڈا منتقل

0

کراچی/ راولپنڈی/ سوات/اوٹاوا(اسٹاف رپورٹر/ نمائندگان امت/امت نیوز)توہین رسالت کیس میں ملوث ملعونہ آسیہ مسیح کینیڈا پہنچ گئی ۔ ملعونہ کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل مسترد ہونے پر جمعہ کو ملک کی مختلف دینی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاج ہوا۔ ہر شہر میں ختم نبوت کےہزاروں پروانےبطور احتجاج سڑکوں پر آ گئے۔مرکزی قیادت کے جیل میں ہونے کے باوجود تحریک لبیک پاکستان کے تحت بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا ۔ٹی ایل پی کے قائم مقام امیر ڈاکٹر شفیق امینی کوچارسدہ میں گرفتارکیا گیا ۔کراچی میں بہادر آّباد کے علاقے میں پولیس اور تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان میں جھڑپیں ہوئیں ۔پولیس نے مظاہرین کیخلاف لاٹھی چارج اور شیلنگ کی ۔ریلی میں شریک 50 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے توہین رسالت کیس میں بری کی جانے والی ملعونہ آسیہ مسیح اپنے شوہر عاشق مسیح کے ساتھ کینیڈا پہنچ گئی ہے ۔اس کی بیٹیاں پہلے ہی وہاں چلی گئی تھیں۔ابھی یہ واضح نہیں کہ خصوصی طیارے سے بیرون ملک فرار ہوئی یا وہ نام بدل کر کسی عام پرواز سے گئی ہے ۔ ملعونہ کے وکیل سیف الملوک نےجمعہ کو ایک جرمن اخبار سے گفتگو میں آسیہ کی کینیڈا منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملعونہ اپنے خاندان کے پاس پہنچ گئی ہے تاہم یہ نہیں بتا سکتا کہ وہ کب اورکس وقت پاکستان سے گئی۔یہ قابل ذکر ہے کہ ملعونہ کو کینیڈا میں بھی چھپ چھپ کر رہنا پڑے گا ۔کینیڈا کے ایک بشپ کا کہنا ہے کہ ملک میں حملے کے امکان پر آسیہ کی شناخت بدلی جائے گی اور وہ کسی گاؤں میں ٹھہرائی جائے گی ۔ملعونہ آسیہ کے بیرون ملک فرار کیخلاف دینی جماعتوں کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ۔ علما اور ائمہ مساجد نے نماز جمعہ کے خطبات میں ختم نبوت اور ملعونہ کے فرارکے مضمرات کو اجاگر کیا ۔کراچی میں تحریک لبیک پاکستان کے مرکز بہادر آباد سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ۔اس موقع پرپولیس و رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ریلی کے آغاز پر پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی تومشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا، جس سے ایک موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے۔پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا اور شیلنگ کی ۔بی بی سی کے مطابق مظاہرین اور پولیس میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی مزید نفری بلا لی گئی۔ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش پر پولیس نے 50افراد کو حراست میں لیا۔بعد میں ٹی ایل پی کے کارکنان ریلی کی صورت میں کراچی پریس کلب پہنچے ۔ جہاں اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹی ایل پی کارکنان کو منتشر کرکے ٹریفک روانی کو بحال کرایا۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں تحریک لبیک پاکستان وپاکستان سنی تحریک کے تحت ملعونہ آسیہ ملعونہ کے بیرون ملک فرار کیخلاف مظاہرے کئے گئے ۔ٹی ایل پی کی جانب سےاٹک ،جہلم، چکوال،مری، کلرسیداں،گوجر خان سمیت تمام تحصیلوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ضلع راولپنڈی میں لیاقت باغ، فیض آباد، پیر ودھائی،آئی جے پی روڈ، کھنہ پل،ایکپسریس وے،آبپارہ ، ترامڑی چوک ، سمیت شہر کی تمام اہم شاہراوں پر پولیس اور رینجرز کے2 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے۔ٹی ایل پی کے تحت ضلع راولپنڈی کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد شفیق قادری نےودہائی، ناظم اعلیٰ راولپنڈی ڈویژن ملک جاوید ناظم چوہڑ چوک و قاری ابرار حسین کی قیادت میں راولپنڈی،سید عبدالغفار شاہ اور سید عرفان نصیر شاہ کی قیادت میں جہلم،میجر یعقوب سیفی،تفسیر اقبال و زین العابدین کی قیادت میں چکوال میں مظاہرہ کیا گیا۔ اٹک میں مولانا عبدالقیوم و منصور رضا کی قیادت میں مظاہرہ ہوا ۔سنی تحریک راولپنڈی و اسلام آباد میں مظاہرے کئے جبکہ سنی تحریک علما بورڈ سے وابستہ علما ومشائخ نے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور کیں۔مقررین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی دباؤ پر آسیہ کو رہا کیا گیا۔عالمی طاقتوں کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کی نظریاتی بنیادیں کمزورنہ کی جائیں ۔دینی اور نظریاتی قوتیں سیکولر عناصر کے مقابلے کے لئے متحد ہو جائیں،بحریہ ٹاؤن میں مظاہرین سے خطاب میں علامہ پیرعمران نظامی، علامہ اعجازرسول، اسد محمود قادری، عثمان قادری و دیگر کا کہنا تھاکہ دین بیزار لابی ملک کو سیکولراسٹیٹ بنانے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن پاکستان لادین ریاست بنانے کے خواب کامیاب نہیں ہوں گے۔بہارہ کہومیں مظاہرہ علامہ وسیم عباسی، اویس رضا قادری، عظمت کبیرعباسی،رمیض عباسی، قاری وقارچشتی،علامہ اشفاق نقشبندی ودیگرکی سربراہی میں ہوا۔مقررین نے کہا کہ مسلمہ شاتمین رسول کو شک کا فائدہ دینے سے گستاخوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ ہم سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ ملعونہ کو شک کا فائدہ کس بنیاد پر دیا گیا؟ سنی تحریک کے ڈویژنل صدرمفتی لیاقت علی رضوی، علامہ عطا الرحمن دھنیال، علامہ طاہراقبال چشتی و دیگر نے نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم پاکستان کو کسی طور پر کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ملک میں نظام مصطفےٰؐنافذ ہوتا تو آسیہ مسیح رہا نہ ہوتی۔ ڈاکٹر محمد شفیق امینی جو پہلے حکومت کی طرف سے کریک ڈاؤن کے بعد روپوش تھے جمعہ کو اچانک نماز جمعہ پڑھانے چارسدہ کی تاریخی مسجد حاجی محمد امین صاحب میں پہنچے جہاں انہوں نے جمعہ کا خطبہ دیا اور خطبے کے بعد احتجاجی ریلی کی صورت میں عمر زئی چوک پہنچے ۔ جہاں انہوں نے مظاہرے کے شرکا سے خطا ب کیا اور بعد میں بی بی سی کے مطابق گرفتاری دی۔ اس سے قبل مظاہرین سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ توہین رسالت کرنے والی آسیہ کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل مسترد کر کے ملک کے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔مسلمان کسی بھی صورت اپنے نبیؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔حکومت ہوش کے ناخن لے۔ پولیس مظاہرین کومشتعل کر رہی ہے۔حکومت گرفتار رہنما و کارکنان فوری رہا کرے۔ ناموس رسالت ؐپر گرفتاری تو معمولی بات ہے،ہم اس مقصد کیلئے جانوں کی قربانی دینے کو بھی تیار ہیں ۔ گرفتاری کے وقت کارکن دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔لاہور میں داتا دربار کے قریب مظاہرہ کیا گیا جس میں علامہ خادم رضوی کے بیٹے نے بھی شرکت کی۔تحریک لبیک ایبٹ آباد اور عالم مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام احتجاج اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آسیہ مسیح کی بریت سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ بالاکوٹ میں بھی ہزاروں افراد نے پرامن احتجاج کیا ۔شب قدر میں جےیو آئی (ف) کے ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ٹی ایل پی کی اپیل پر شہر میں جزوی ہڑتال ہوئی ۔مقرر ین کا کہنا تھا کہ حکومت نے مغرب کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔دینی جماعتوں کے تحت آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل خارج ہونے پر فاروق اعظم چوک میں شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ٹریفک بلاک کر دی اور حکومت کے خلاف شدید نعرےبازی کی ۔مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے سابق ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ،جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان ، عالمی ختم نبوت کے ضلعی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر الہی جان اور دیگر نے کہاکہ ملعونہ آسیہ مسیح کو باعزت بری کر کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے ۔آئندہ توہین رسالت کے مرتکب افراد کو خود نشان عبرت بنائیں گے ۔ناموس رسالت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More