نماز فجر کے طبی فوائد و اسرار

0

طبی تحقیقی سے ثابت ہوا ہے کہ نماز فجر زبردست طبی فوائد رکھتی ہے۔ اس وقت ماحول میں خوش گوار ہوا ہوتی ہے جو طلوع شمس (سورج کے نکلنے تک) آہستہ آہستہ ختم ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹرز اور اطبا کہتے ہیں کہ یہ ہوا انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہے، اس لئے کہ اس سے انسانی خلیات قوی ہوتے ہیں، صبح کے وقت انسان جب اس ہوا میں سانس لیتا ہے تو اسے فرحت حاصل ہوتی ہے، اس کی بدولت وہ بہت سے فوائد حاصل کرتا ہے اور بعض ایسے کام بھی کرجاتا ہے، جن کے کرنے سے وہ بالعموم عاجز ہوتا ہے، ایسی ہوا کبھی دوسرے وقت میں میسر نہیں آتی۔ انسان کو جو قوت اس سے حاصل ہوتی ہے، وہ مہنگی ادویات اور جڑی بوٹیوں سے بھی نہیں ہو سکتی۔ ایسی فضا ذہنی قویٰ کو متحرک کرتی ہے، اس سے خوشی کے جذبات جنم لیتے ہیں، جسم کے تمام نظاموں کی سستی دور ہو جاتی ہے، جس سے وہ بہتر انداز میں اپنے افعال سر انجام دیتے ہیں ۔
مسلمان نماز فجر کے وقت بیدار ہوتے ہیں، اس وقت صاف ہوا جاری ہوتی ہے، لہٰذا صبح سویرے بیدار ہونے والا شخص اس سے فائدہ اٹھاتا ہے، وہ اپنے دن کا آغاز نہایت چستی و تن دہی کے ساتھ کرتا ہے، یوں اس کے اعضاء مستعد ہوجاتے ہیں، وہ اپنے معمول کا آغاز بڑی خوشی اور مستعدی کے ساتھ کرتا ہے، اس کا دل کام کرنے پر خوب آمادہ ہوتا ہے اور وہ ہر کام کو اپنے وقت پر اداکرتا ہے، ملازمت پر بروقت پہنچتا ہے اور امور زیست خوش اسلوبی اور بہتر انداز میں بہت ہی احسن طریق پر ادا کرتا ہے، صبح کے وقت خون میں گوریٹوزون مادے کی مقدار بھی بڑھ جاتی ہے جو کہ ذہنی قوت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
طبی جائزوں سے یہ امر بھی واضح ہوا ہے کہ نماز فجر کے وقت اٹھنا بہتر اور مفید عمل جبکہ اس کے برعکس صبح کے وقت سونا یا دیگر اوقات میں زیادہ سونا امراض قلب میں مبتلا ہونے کا باعث بنتا ہے۔ جب انسان حرکت کم اور آرام زیادہ کرتا ہے تو خون میں چکنائی کی شرح بڑھ جاتی ہے، جس سے دوران خون میں مشکل پیش آتی ہے، لہٰذا اطباء لوگوں کو سیر اور جسمانی مشقت زیادہ کرنے کی تلقین کرتے ہیں کہ خون کی نالیوں میں چکنائی جمنے نہ پائے تاکہ امراض قلب میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہا جاسکے۔ جو اذان فجر سے قبل تہجد کے وقت بیدار ہو نماز تہجد ادا کرے اور اس کے بعد نماز فجر کا انتظار کرے تو وہ انسان صحت مندرہے گا۔ جدید تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اگر نوجوان اپنی جوانی کی بقا چاہتے ہیں تو وہ صبح سویرے بیدار ہونے کی عادت ڈالیں۔ اس سے ہمارے دین اسلام کی عظمت ثابت ہوتی ہے کہ جس نے صبح کے وقت بیدار ہونے کی تلقین فرمائی تاکہ انسان اس وقت کے ماحول اور فضا سے فیض یاب ہواور اپنی صحت کی حفاظت کا خیال رکھے ۔قرآن مجیدمیں ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’فجر کے وقت فرشتے حاضرہوتے ہیں‘‘صبح کی دو رکعتیں (سنت فجر) دنیا ومافیہا سے بہترہے نیز آپؐ نے فرمایا:میری امت کے صبح کے وقت جاگنے میں برکت ڈالی گئی۔(مترجم:حکیم عابد مجید مدنی)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More