تثلیث سے توحید تک

0

رحوضہ کے مسلمان ہونے کے اعلان نے اس کے گھر کو پریشان کر دیا، انہیں شدید صدمہ پہنچا اور ان کے حواس معطل ہو کر رہ گئے۔ اس کی ماں کچھ زیادہ ہی پریشان ہوگئی۔
اس نے کہا: ’’اس واقعہ سے تو خاندان تقسیم ہو کر رہ جائے گا۔‘‘
رحوضہ بتاتی ہے: میری بہنیں چیخنے لگیں، کیونکہ ان کے خیال میں، میں نے جہنم کے راستے کا انتخاب کر لیا تھا۔ میں اپنی فیملی کے ردعمل سے بہت مایوس ہوئی، لیکن خدا تعالیٰ نے میرے ذہن و قلب پر ایک تسکین طاری کر دی جس نے اس سانحہ سے عہدہ برآ ہونے میں میری بڑی مدد کی۔
قبول اسلام کے تھوڑے ہی عرصہ بعد رحوضہ کی ملاقات صلاح الدین عبد المتین سے ہوگئی۔ صلاح الدین نے 13 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا تھا۔ 1990ء میں رحوضہ نے صلاح الدین سے شادی کر لی۔
رحوضہ کہتی ہیں: اسلام قبول کرنے کے بعد غیر محرم مردوں سے ملاقاتوں (Dating) کا کوئی سوال ہی نہ تھا، شادی سے پہلے صلاح الدین سے بھی میری جو چند ملاقاتیں ہوئیں، وہ وکیل کی موجودگی میں ہوئی تھیں۔
1993ء میں رحوضہ نے حجاب اوڑھنے کا فیصلہ کیا۔ وہ بتاتی ہیں کہ میں لمبے اور مکمل بازوئوں والے کپڑے پہنتی تھی اور سر کے بالوں کو پگڑی سے ڈھانپتی تھی۔ بالوں کو ڈھانپنے کے لیے سیاہ فام عورتوں کا یہ ایک اپنا انداز تھا۔ سر پر پگڑی باندھ کر میں سمجھ رہی تھی کہ میں حجاب ہی کر رہی ہوں۔
لیکن قرآن و سنت کے مطالعہ کے بعد میں نے محسوس کیا کہ اس سے حجاب کے تقاضے پورے نہیں ہوتے اور مجھے تو ایک مسلمان عورت بننا ہے۔ پگڑی حجاب کے لیے کسی صورت بھی مناسب نہیں ہے۔
رحوضہ کے باحجاب ہونے کے فیصلے نے اس کی فیملی کو ایک بار پھر پریشان کر دیا اور رحوضہ کے الفاظ میں وہ غصہ سے پھٹ پڑے۔ وہ بتاتی ہیں:
میری ماں نے اپنی تمام سہیلیوں کو بتا دیا کہ میں جا چکی ہوں اور میرے متعلق اس نے بات کرنا ہی بند کردی۔ دفتر میں بھی رحوضہ کو ایسے ہی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور ہر فرد اس سے پوچھنے لگا: کیا روزانہ آپ یہ حجاب پہنیں گی؟
اس سے سپروائزر نے پوچھا میں یہ جانتا ہوں کہ تمہیں حجاب پہننے کی یہ اچانک ضرورت کیوں پیش آگئی ہے جب کہ تم کئی برسوں سے مسلمان ہو اور اس سے قبل تم نے حجاب نہیں کیا تھا۔
رحوضہ بتاتی ہیں: میں جانتی تھی کہ امریکن آئین مجھے مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اس کے باوجود کئی بحثوں کے بعد مجھے کام کی جگہ (دفتر پر) حجاب کی اجازت ملی۔
اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے:
آج کل رحوضہ اپنے خاوند کے ساتھ مل کر اسلام کو پھیلانے میں لگی ہوئی ہے۔ رحوضہ بے یقین لوگوں کے اس خیال سے اتفاق نہیں کرتی کہ زیادہ تر سیاہ فام ہی اسلام قبول کر رہے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ امریکا میں اسلام سب سے زیادہ تیز رفتاری سے پھیلنے والا مذہب ہے، مسلمانوں کے باعث نہیں بلکہ اپنی حقیقی سچائیوں کے باعث۔
میں ایسے لوگوں سے ملی ہوں جو اسلام کی طرف اس لیے کھنچے آئے کہ دنیا میں یہ واحد مذہب ہے، جو اپنی اصل تعلیمات کے ساتھ موجود ہے اور یہی مذہب ہے، جس میں خالص توحید پائی جاتی ہے۔ بذات خود میرے دل میں اسلام کی کشش اس تصور توحید کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ اسلام میں انسان اور رب کے درمیان تعلق کے لیے کوئی ایجنٹ نہیں ہوتا، بلکہ بندے کا اپنے رب سے براہِ راست تعلق ہوتا ہے۔ اسلام ایک گھنٹہ یا ہفتہ میں ایک دن سرگرمی والا مذہب بھی نہیں، اسلام میں تو زندگی کا ہر لمحہ حق تعالیٰ کے احکام کے مطابق گزارنا ہوتا ہے۔ عیسائیت تو بڑا ہی آسان مذہب ہے۔ بائبل تو کہانیوں کا مجموعہ ہے، لیکن قرآن انسانوں کو واضح طور پر بتاتا ہے کہ تم نے اپنی زندگی کیسے گزارنی ہے۔ اسلام کا یہی پیغام ہے، جو دنیا بھر میں اس کی مقبولیت کا باعث بن رہا ہے۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More