اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں لیگی رہنما ثاقب چدھڑ بے قصور قرار
عبوری ضمانت واپس لے لی - اہلیہ کو بھی بے قصور قرار دے دیا گیا
مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ
لاہور: معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کیس کی تفتیش کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کو فی الحال بے قصور قرار دیتے ہوئے دونوں کی گرفتاری کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔
تفتیشی افسر کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ثاقب چدھڑ نے لاہور کی سیشن عدالت سے اپنی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔
دوسری جانب مومنہ اقبال نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اس مقدمے کو اس طرح ختم نہیں ہونے دیں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ پہلے دن سے مؤقف اختیار کر رہی ہیں کہ کیس کو جانبداری کے بجائے غیر جانب دارانہ انداز میں دیکھا جائے۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ کوئی لڑکی شادی سے صرف 10 روز قبل ایسی باتیں بلاوجہ نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان لوگوں پر اعتماد کیا تھا جو عہدے پر بیٹھ کر یہ کہتے رہے کہ انہیں معاملے کے دونوں فریقین کی کہانی کا علم ہے۔
اداکارہ نے دوٹوک انداز میں کہا، ’’میں اس کیس کو ایسے نہیں چھوڑوں گی، چاہے جس کو مرضی اپروچ کروا لیں۔‘‘
یاد رہے کہ مومنہ اقبال نے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی۔ مقدمے کی ایف آئی آر میں ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ اور بعض ساتھیوں پر مبینہ سائبر ہراسگی اور بلیک میلنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق ثاقب چدھڑ پر مبینہ طور پر مومنہ اقبال سے اپنے دیے گئے تحائف واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنے اور ان کے منگیتر کو دھمکیاں دینے کے الزامات بھی شامل تھے۔
کیس کی تفتیش کے دوران قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے نے تفتیش تبدیل کرکے نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ تفتیشی افسر کی رپورٹ کے مطابق فی الحال ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی گرفتاری درکار نہیں۔
تاہم مومنہ اقبال کے وکیل نے نئی تفتیش پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مدعیہ کو اطلاع دیے بغیر مقدمے کی تفتیش تبدیل کی گئی اور نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ وکیل کے مطابق نئے تفتیشی افسر نے مکمل تحقیقات کیے بغیر ملزمان کو کلیئر قرار دے دیا، جس پر مومنہ اقبال کو تحفظات ہیں۔
دورانِ تفتیش مومنہ اقبال کی شادی بھی ہوچکی ہے۔ اب مقدمے میں اداکارہ کے اعتراضات، تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ اور دونوں فریقین کے مؤقف کے بعد مزید قانونی کارروائی کا انتظار ہے۔