بابوسر ٹاپ اور ناران میں برفباری، موسم سرد ہوگیا
برفباری کے باوجود علاقے میں آمدورفت کے لیے راستے کھلے ہیں اور صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)
مانسہرہ کے سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ اور وادی کاغان و ناران کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
وادی کاغان اور ناران کے پہاڑوں پر برفباری کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق برفباری کے باوجود علاقے میں آمدورفت کے لیے راستے کھلے ہیں اور صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
🛑 بابو سر ٹاپ پر آنے والی سردیوں کی پہلی برفباری 🌨️❄️ pic.twitter.com/Q4arLJKWmH
— WeatherWalay (@weatherwalay) September 5, 2026
راولپنڈی میں بھی مطلع ابر آلود ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ بارش کے پیش نظر واسا نے نشیبی علاقوں میں اضافی ٹیمیں تعینات کردی ہیں۔
حکام کے مطابق نالہ لئی کے اطراف ریسکیو 1122، واسا اور سول ڈیفنس کا عملہ بھی موجود ہے، جبکہ نالہ لئی سمیت شہر کے دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی آج بارش کی پیشگوئی کی ہے، جہاں بارش کے امکانات 40 سے 60 فیصد تک بتائے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔