دنیا کی سب سے پتلی گاڑی تیار

نیلے رنگ کی اس منفرد الیکٹرک گاڑی کی چوڑائی صرف 50 سینٹی میٹر ہے، جو تقریباً ایک عام تکیے کے برابر بنتی ہے

September 11, 2026 · چشم حیرت
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

اٹلی کے ایک مکینک نے دنیا کی انتہائی پتلی گاڑی تیار کرکے سب کو حیران کردیا، جسے 2027 کے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نیلے رنگ کی اس منفرد الیکٹرک گاڑی کی چوڑائی صرف 50 سینٹی میٹر ہے، جو تقریباً ایک عام تکیے کے برابر بنتی ہے۔ حیرت انگیز طور پر گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ ایک مسافر کے بیٹھنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔

گاڑی کے اگلے حصے میں صرف ایک ہیڈ لائٹ نصب ہے، جبکہ اس کا منفرد ڈیزائن اسے روایتی گاڑی کے بجائے ایک چھوٹی کشتی جیسا انداز دیتا ہے۔

اٹلی سے تعلق رکھنے والے اینڈریا مرازی نے یہ گاڑی 2025 میں ایک فیسٹیول کے لیے تیار کی تھی۔ اسے بنانے کے لیے 1993 کی ایک پرانی گاڑی کے مختلف حصوں اور مواد کو دوبارہ استعمال کیا گیا۔

گاڑی کا وزن تقریباً 264 کلوگرام اور لمبائی 145 سینٹی میٹر ہے۔ یہ برقی گاڑی زیادہ سے زیادہ 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے جبکہ مکمل چارج ہونے پر تقریباً 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اینڈریا مرازی کے مطابق بعض افراد کو خدشہ ہوتا ہے کہ اتنی کم چوڑائی کی وجہ سے تیز ہوا میں گاڑی اپنا توازن کھو سکتی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ گاڑی کا ڈیزائن محفوظ سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

منفرد جسامت، ڈیزائن اور کارکردگی کے باعث یہ چھوٹی سی الیکٹرک گاڑی لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔