ہری پور کے ریٹائرڈ نیوی کمانڈو آصف محمود چترال میں پیراگلائیڈنگ حادثے میں جاں بحق

خراب موسم کے باعث رابطہ منقطع ہوا، ریسکیو ٹیموں نے پہاڑی علاقے سے نعش برآمد کرلی

September 11, 2026 · ماحولیاتی تغیر

فائل فوٹو

 

ہری پور کے علاقے خان پور سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ نیوی کمانڈو، ماہر غوطہ خور اور پیراگلائیڈنگ پائلٹ آصف محمود چترال میں پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آصف محمود اپر چترال کے علاقے بونی میں پیراگلائیڈنگ کے دوران خراب موسم کے باعث لاپتہ ہوگئے تھے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری تھا۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق مرحوم آصف محمود نے گزشتہ روز صبح تقریباً 10 بجے موڑکھو کے زائنی پاس سے لانگ فلائٹ کے لیے اڑان بھری تھی۔ پرواز کے دوران وہ لوٹ اویر اور ریری اویر بانڈہ کے پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے خراب موسم کے باعث آصف محمود سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد ان کی تلاش شروع کردی گئی۔ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تلاش کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری تھا اور جمعہ کو ریسکیو ٹیموں نے اپر چترال کے علاقے بونی کی پہاڑیوں سے آصف محمود کی نعش برآمد کرلی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او مولائی شاہ کی قیادت میں پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

آصف محمود واہ کینٹ میں رہائش پذیر تھے، جبکہ ان کا آبائی تعلق خان پور ڈیم سے تھا۔ وہ پاکستان نیوی سے ریٹائرڈ کمانڈو ہونے کے ساتھ غوطہ خوری اور پیراگلائیڈنگ میں بھی مہارت رکھتے تھے۔

حکام کے مطابق ضلع اپر چترال کے علاقے موڑکھو کے زائنی پاس کے مقام پر پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں خان پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان پائلٹ آصف محمود جاں بحق ہوئے۔

مقامی انتظامیہ نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔