پولیس پر فائرنگ کیس: ہاف فرائی فل فرائی کیا ہوتا ہے؟ دوران سماعت جج برہم

ہاف فرائی میں ٹانگ پرگولی، جبکہ فل فرائی میں جان سے مار دیا جاتا ہے۔وکیل

September 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولیس پر فائرنگ کے ملزم ارشاد کی ضمانت منظور کرلی,فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولیس پر فائرنگ کے ملزم ارشاد کی ضمانت منظور کرلی,فائل فوٹو

اسلام آباد: پولیس نفری پر فائرنگ کے کیس کی سماعت سپریم کور ٹ کے جسٹس مندوخیل نے کی جس دوران ملزم کے وکیل مطیع اللہ نے مؤقف اپنایا کہ یہ مقدمہ ملزم کی گرفتاری کے بعد بنایا گیا ہے۔

جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ ساتھی کی گولی صرف ٹانگ پرلگی، ملزم ساتھی کی فائرنگ سے مرا نہیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر پہلے بھی 16 سے زائد مقدمات ہیں، جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پھر تو بہتر ہے ملزم جیل میں رہے، ہو سکتا ہے ملزم باہر آکر ساتھیوں کی فائرنگ سے مر جائے۔

جسٹس جمال مندوخیل کے ریمارکس پر وکیل ملزم مطیع اللہ نے بتایا کہ ملزم کو ہاف فرائی کیا گیاہے، فل فرائی نہیں۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا یہ لوگ اللہ سے نہیں ڈرتے؟ ہاف فرائی فل فرائی کیا ہوتا ہے؟ جس پر ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہاف فرائی میں ٹانگ پرگولی، جبکہ فل فرائی میں جان سے مار دیا جاتا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا کہ کہتے ہیں تو ضمانت دے دیتے ہیں ورنہ ملزم جیل میں محفوظ ہے، سرکاری خرچ پر ملزم کی حفاظت کی جا رہی ہے، وکیل کی استدعا پر ملزم کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

یاد رہے کہ ملزم ارشاد کو راولپنڈی میں پولیس پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔