گوگل نے موسم کیلئے زیادہ طاقتور اے آئی متعارف کرا دیا

بارش، طوفان اور دیگر شدید موسمی حالات کی نگرانی بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ تفصیل سے ممکن ہوگی۔

September 12, 2026 · ماحولیاتی تغیر
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گوگل نے موسم کی پیشگوئی کو زیادہ تیز، تفصیلی اور درست بنانے کیلئے جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈل ویدر نیکسٹ تھری متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نیا ماڈل مقامی سطح پر موسم کی صورتحال کا زیادہ باریک بینی سے جائزہ لے سکے گا اور ہر گھنٹے موسم سے متعلق تازہ پیشگوئی فراہم کرے گا۔ اس کے ذریعے بارش، طوفان اور دیگر شدید موسمی حالات کی نگرانی بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ تفصیل سے ممکن ہوگی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ویدر نیکسٹ تھری پانچ کلومیٹر تک کی فضائی تفصیل کے ساتھ موسم کی پیشگوئی کرسکتا ہے، جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ تفصیلی ہے۔ سطحی درجہ حرارت اور نمی کیلئے پانچ کلومیٹر جبکہ سطحی ہواؤں کیلئے دس کلومیٹر تک کی تفصیل فراہم کی جاسکے گی۔

نئے ماڈل میں بارش کی پیشگوئی کو بھی زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔ گوگل کے مطابق بعض اہم پیمانوں پر روایتی موسمی پیشگوئی کے نظام کے مقابلے میں غلطی کی شرح میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ویدر نیکسٹ تھری سیٹلائٹس اور زمینی موسمیاتی مراکز سے حاصل ہونے والے تازہ ڈیٹا کو استعمال کرے گا۔ اس ٹیکنالوجی کو صاف توانائی کے شعبے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، جہاں بجلی کے نظام چلانے والے اداروں اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے والوں کو موسم کے بہتر اندازوں سے فائدہ پہنچے گا۔