پاکستان کی سعودی عرب میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی مذمت
پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
فائل فوٹو
پاکستان نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نقصان پہنچا جبکہ بعض شہری بھی زخمی ہوئے۔ پاکستان نے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے عمل کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان کے مطابق ایسے حملے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اسلام آباد نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔