کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش اور ملحقہ علاقوں میں کم دباؤ کا نظام موجود ہے، جس کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

September 13, 2026 · ماحولیاتی تغیر
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی میں 14 ستمبر سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش اور ملحقہ علاقوں میں کم دباؤ کا نظام موجود ہے، جس کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 14 اور 15 ستمبر کو سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، مٹیاری اور جامشورو میں بھی بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں 14 سے 15 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج اور کل شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سندھ نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیان چند ایسرانی کے مطابق پی ڈی ایم اے اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122 کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ضروری مشینری اور عملہ تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق کراچی ڈویژن میں بھی 14 سے 16 ستمبر کے دوران بارش ہوسکتی ہے، جبکہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کا کہا گیا ہے۔