سعودی آئل پائپ لائن پر حملہ،عراقی فورسز کا ڈرون لانچنگ مقام تلاش کرنے کا دعویٰ
یہ پائپ لائن آبنائے ہرمز کی بندش کے تناظر میں خلیجی خطے سے تیل کی ترسیل کے لیے اہم راستہ بن گئی تھی
فائل فوٹو
عراقی سیکیورٹی فورسز نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر ہونے والے حملے میں استعمال کیے گئے مبینہ ڈرون لانچنگ مقام کا سراغ لگانے اور وہاں سے ڈرونز سے متعلق آلات قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق پائپ لائن پر حملے کے لیے عراق میں ایک ایسے مقام کو استعمال کیا گیا جہاں ایران نواز مسلح گروہوں کی سرگرمیاں موجود ہیں۔ حملے کے بعد سعودی عرب نے احتیاطی اقدام کے طور پر ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کردیا تھا۔
یہ پائپ لائن آبنائے ہرمز کی بندش کے تناظر میں خلیجی خطے سے تیل کی ترسیل کے لیے اہم راستہ بن گئی تھی، جس کے باعث اس پر ہونے والے حملے نے خطے میں توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ اور عراق کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران خطے کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور تنازعات کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی کوششوں سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی۔