جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون او ریلی سے شادی کی تصاویر جاری کردیں
52 سالہ دلہن اور 62 سالہ دلہا شادی سے پہلے ایک سال تک ڈیٹ کرتے رہے
جمائما اپنے نئے شوہر کے ساتھ
پاکستانی سیاستدان عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف پروڈیوسر اور فلم ساز جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ اپنی شادی کی یادگار تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر دی ہیں۔ 52 سالہ جمائما اور 62 سالہ کیمرون او ریلی کی شادی کی تقریب چند روز قبل منعقد ہوئی تھی، جس میں قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ کیمرون او ریلی معروف آئرش تاجر اور انٹرنیشنل رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں شخصیات فلموں اور دستاویزی فلموں کے شعبے میں کام کے دوران ایک دوسرے کے قریب آئیں اور تقریبا 1 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد شادی کا فیصلہ کیا۔
جمائما گولڈ اسمتھ کی شادی کی خبر سب سے پہلے ان کی رشتہ دار جمائما جونز نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جنہوں نے اپنے شوہر بین گولڈ اسمتھ کے ساتھ تقریب میں شرکت کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ یہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی ہے جو پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ان کی طلاق کے 22 سال بعد ہوئی ہے۔ جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی جو 2004 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی، اور ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم خان ہیں۔
طلاق کے اتنے سال گزرنے کے باوجود جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو برقرار رکھا ہے اور سابق وزیر اعظم کی قید اور ان کے حالات پر اکثر آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے برطانوی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ اس صورتحال پر آواز اٹھائے، جسے انہوں نے انسانی حقوق کی ہنگامی صورتحال قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ لارڈز میں پاکستان اور انگلستان کا ٹیسٹ میچ بھی دیکھا تھا جبکہ ان کے بیٹے اپنے والد کی رہائی کے لیے عوامی مہم چلا رہے ہیں۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے 3 سال قبل ایک خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے زمان پارک میں گزرے دنوں، پاکستانی ثقافت اور یہاں کے لوگوں سے اپنی محبت کا کھل کر اظہار کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے ایک ایسی فلم بنانے کا چیلنج قبول کیا تھا جو پاکستان کے خوبصورت اور رنگین پہلو کو دنیا کے سامنے پیش کرے، کیونکہ وہ مغربی سکرین پر عموماً دکھائی جانے والی تصویر سے ہٹ کر اس پاکستان کو دکھانا چاہتی تھیں جسے وہ جانتی تھیں۔ ان کے اس پروجیکٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی سمیت کئی نامور بین الاقوامی فنکاروں نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔