فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ کا رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، سکیورٹی کی صورتحال اور اس کے علاقائی امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ کا رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو (فائل فوٹو)
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، سکیورٹی کی صورتحال اور اس کے علاقائی امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
عباس عراقچی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے موجودہ حالات کے تناظر میں خطے کے ممالک کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں جانب سے پائیدار امن و سلامتی کے لیے مشترکہ صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے ساتھ یمن اور سعودی عرب سے متعلق صورتحال بھی سنگین ہے۔ ایران کی جانب سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بھی اسی دوران رابطہ کیا گیا اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں اور مذاکرات کی جانب واپس آئیں۔ چین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران خطے میں امن و استحکام کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ رابطے اور مذاکرات جاری رکھنا چاہتا ہے۔