ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کی نیوٹرل وینیو درخواست مسترد کردی

پاکستان ہاکی فیڈرس نے درخواست کی تھی کہ مکمل ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے یا کم از کم پاکستان کے تمام میچز غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں۔

September 17, 2026 · اسپورٹس
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کی نیوٹرل وینیو درخواست مسترد کردی

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کی نیوٹرل وینیو درخواست مسترد کردی

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچز بھارت سے باہر یا غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی پاکستان کی درخواست پر بھارتی ہاکی حکام نے وینیو تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ مکمل ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے یا کم از کم پاکستان کے تمام میچز غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں۔ پاکستان نے یہ مطالبہ دونوں ممالک کے درمیان موجود حساس صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں کیا تھا

بھارتی ہاکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے مقررہ مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور پاکستان کو شرکت کے لیے بھارت آنا ہوگا۔ بھارتی ہاکی حکام کے مطابق اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو متبادل ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ وہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پرعزم ہے اور تمام متعلقہ ٹیموں کے خلاف کھیلنے کو تیار ہے، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں اور حکام کے لیے محفوظ اور موزوں ماحول کی فراہمی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارتی پنجاب کے شہروں جالندھر اور موہالی میں ہونا ہے۔ لیگ مرحلے کے میچز جالندھر جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل موہالی میں شیڈول کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر حتمی فیصلہ یا تفصیلی مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔