محمد رضوان نے آئی سی سی سے اینٹی کرپشن کارروائی پر وضاحت مانگ لی

محمد رضوان نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرائی

September 18, 2026 · اسپورٹس
محمد رضوان نے آئی سی سی سے اینٹی کرپشن کارروائی پر وضاحت مانگ لی

محمد رضوان نے آئی سی سی سے اینٹی کرپشن کارروائی پر وضاحت مانگ لی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنے موبائل فون سے متعلق کارروائی پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے رہنمائی طلب کرلی۔

رپورٹس کے مطابق محمد رضوان نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرائی، جس میں انہوں نے موجودہ کارروائی سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے ہیں۔

محمد رضوان نے دریافت کیا کہ کیا آئی سی سی یا انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا اینٹی کرپشن یونٹ ان کے موبائل فون سے متعلق کارروائی اور پاکستان میں ہونے والی پوچھ گچھ سے آگاہ تھا یا اس عمل میں شامل تھا۔

انہوں نے یہ بھی وضاحت طلب کی کہ برطانیہ میں ان سے موبائل فون طلب کرنا، اسے پاکستان منتقل کرنا اور فون کا فرانزک معائنہ کرنا آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت مقررہ طریقہ کار کے مطابق تھا یا نہیں۔

محمد رضوان نے آئی سی سی سے آئندہ ایسی کسی کارروائی میں تعاون سے متعلق اپنی ذمہ داریوں اور متعلقہ طریقہ کار کی وضاحت بھی مانگی ہے۔

رپورٹس کے مطابق محمد رضوان نے واضح کیا کہ ان کی درخواست کسی ادارے یا فرد کے خلاف شکایت نہیں بلکہ موجودہ معاملے اور طریقہ کار کے بارے میں وضاحت حاصل کرنے کے لیے ہے۔

یہ معاملہ قومی کرکٹر کے موبائل فون کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے جاری فرانزک جانچ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی حال ہی میں محمد رضوان کی این سی سی آئی اے کے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد کردی تھی