منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث ایشین گیمز سے باہر

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث ایشین گیمز 2026 سے باہر ہوگئی ہیں۔

September 18, 2026 · اسپورٹس
منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث ایشین گیمز سے باہر

منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث ایشین گیمز سے باہر

منیبہ علی ایشیا کپ کے اختتام کے بعد دبئی سے وطن واپس آگئی تھیں، جبکہ قومی ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان روانہ ہوگیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے شیڈول میں موجود کم وقت اور ناک آؤٹ مرحلے کے 22 ستمبر تک مکمل ہونے کے باعث منیبہ علی کے متبادل کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منیبہ علی کی عدم موجودگی میں گل فیروزہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ انہوں نے تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان کے ابتدائی میچ میں بھی وکٹ کیپنگ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔

گل فیروزہ حالیہ ایشیا کپ میں پاکستان کی نمبر تین بیٹر رہی ہیں، جبکہ اس سے قبل ٹی20 ورلڈ کپ میں وہ منیبہ علی کے ساتھ اوپننگ بھی کر چکی ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے ایشین گیمز کے اپنے پہلے میچ میں بارش سے متاثرہ کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو شکست دی۔ قومی ٹیم نے 92 رنز کا ہدف 11 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 2 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔