ڈوپنگ ایشو، انعام بٹ کو بڑا ریلیف مل گیا
انعام بٹ پر عائد پابندی کا دورانیہ 19 جولائی سے 18 ستمبر تک تھا، جو اب مکمل ہوچکا ہے
ڈوپنگ ایشو، انعام بٹ کو بڑا ریلیف مل گیا
ڈوپنگ معاملے میں قومی ریسلر انعام بٹ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دو ماہ کی پابندی مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ ریسلنگ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی اجازت مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ پر عائد پابندی کا دورانیہ 19 جولائی سے 18 ستمبر تک تھا، جو اب مکمل ہوچکا ہے۔ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی اور ورلڈ ریسلنگ کی جانب سے بھی انہیں پابندی سے متعلق فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق پابندی کی مدت ختم ہونے کے بعد انعام بٹ اب ریسلنگ سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ انہیں آئندہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ معاملے کے باعث انعام بٹ سے ایشین بیچ گیمز کا سلور میڈل واپس لے لیا گیا ہے۔
انعام بٹ نے اس معاملے کے باعث پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری اور پاکستان ایتھلیٹس کمیشن کے سربراہ کے عہدوں سے رضاکارانہ طور پر علیحدگی اختیار کی تھی۔ پابندی ختم ہونے کے بعد انہیں ان ذمہ داریوں پر دوبارہ کام کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے انعام بٹ کے مؤقف کو تسلیم کیے جانے کے بعد انہیں ایک مخصوص دوا ایک سال تک استعمال کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، جس کی تفصیلات متعلقہ دستاویزات میں درج ہیں۔