جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

جو روٹ نے 23 ہزار بین الاقوامی رنز کا ہندسہ 521 اننگز میں عبور کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے یہ سنگ میل 522 اننگز میں حاصل کیا تھا

September 23, 2026 · اسپورٹس
جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے میچ میں جو روٹ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 23 ہزار رنز مکمل کرلیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں اور انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

جو روٹ نے 23 ہزار بین الاقوامی رنز کا ہندسہ 521 اننگز میں عبور کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے یہ سنگ میل 522 اننگز میں حاصل کیا تھا۔ اس طرح روٹ نے تیز ترین 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اس فہرست میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی سب سے آگے ہیں، جنہوں نے صرف 490 اننگز میں 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کیے تھے۔

جو روٹ سے قبل سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ، مہیلا جے وردھنے، جیک کیلس اور راہول ڈریوڈ یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں جو روٹ نے 52 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 44 رنز بنائے، ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔ اس سنگ میل کے بعد روٹ کے بین الاقوامی رنز کی تعداد 23 ہزار 41 ہوگئی ہے اور وہ مجموعی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

جو روٹ اس سے قبل بھی سچن ٹنڈولکر کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں، جبکہ حالیہ سنگ میل نے ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم اضافہ کردیا ہے۔