ایشین گیمز کے لیے بھرپور تیاری کی ہے،مائیک ہیسن

ایشین گیمز کے قواعد کے تحت کھلاڑیوں کا انتخاب تقریباً پانچ ماہ قبل کیا گیا تھا، جبکہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی حالیہ تربیتی کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے۔

September 23, 2026 · اسپورٹس
ایشین گیمز کے لیے بھرپور تیاری کی ہے،مائیک ہیسن

ایشین گیمز کے لیے بھرپور تیاری کی ہے،مائیک ہیسن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں کے لیے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور کھلاڑیوں کی حالیہ ٹریننگ کو دیکھتے ہوئے وہ ایونٹ میں اچھی کارکردگی کے لیے پُراعتماد ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کے اوول گراؤنڈ میں جاری تربیتی کیمپ کے تیسرے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے بتایا کہ مختصر دورانیے کے کیمپ میں کھلاڑیوں کی بھرپور ٹریننگ اور اہم شعبوں پر کام کرنے پر توجہ دی گئی۔

ہیڈ کوچ کے مطابق قومی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جمعرات کو روانہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے دستیاب وقت میں اپنی تیاریوں کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔

مائیک ہیسن نے بتایا کہ ایشین گیمز کے قواعد کے تحت کھلاڑیوں کا انتخاب تقریباً پانچ ماہ قبل کیا گیا تھا، جبکہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی حالیہ تربیتی کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے۔

انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان اور بیٹر صاحبزادہ فرحان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ان سے ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ایونٹ میں بھارت کے خلاف ممکنہ مقابلے کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی مکمل منصوبہ بندی کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے تسلیم کیا کہ قومی ٹیم کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی مشکلات اور عالمی کپ کے نتائج سب کے سامنے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سامنے آنے والے مسائل کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ تقریباً نو برس قبل پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی نمبر ون تھا، تاہم گزشتہ 15 ماہ کے دوران ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

ہیڈ کوچ نے شاہین شاہ آفریدی کو تجربہ کار اور اعلیٰ معیار کا بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت توجہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے جارح مزاج بولرز کو تیار کرنے پر بھی مرکوز ہے۔ ساتھ ہی ٹاپ آرڈر بیٹرز کی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانے کے لیے بھی کام کیا جارہا ہے۔

مائیک ہیسن نے عاقب جاوید کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے نظام میں بہتری کے لیے اہم اقدامات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے قومی ٹیم آنے والے عرصے میں دوبارہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔