امیر مقام کی قیادت میں کوہالہ تا مظفرآباد جیوے پاکستان ریلی،ہزاروں افراد شریک
وزیر امور کشمیر نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسائل کے عملی حل کایقین دلایا
وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کی قیادت میں مظفرآباد میں جیوے پاکستان ریلی کے شرکا موجود ہیں۔
مظفرآباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام دو روزہ سرکاری دورے پر آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچ گئے۔ انہوں نے کوہالہ پل تا مظفرآباد ’’جیوے پاکستان ریلی‘‘ کے ہزاروں شرکا سے خطاب کیا۔
کوہالہ پل آمد پر ہزاروں افراد نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ ریلی آزاد جموں و کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید کی جانب سے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔
انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل ’’جیوے پاکستان ریلی‘‘ کوہالہ پل سے مظفرآباد تک نکالی گئی۔ وفاقی وزیر کی آمد پر ’’کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد، کشمیر زندہ باد، قائد محمد نواز شریف زندہ باد، وزیراعظم شہباز شریف زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔
ریلی سے خطاب میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ یہاں ذاتی طور پر اور اپنی قیادت قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے عوام کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے مسائل کی وجہ سے انہیں کچھ تاخیر ہوئی، لیکن وہ خاص طور پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں جنہوں نے انتخابات میں ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے معاملات کی خود نگرانی کرنے کا وعدہ کیا تھا اور پارٹی قیادت اپنے اس وعدے پر قائم ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مریم نواز نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے تھے، مسلم لیگ (ن) ان وعدوں پر قائم ہے۔ عوام بہت جلد اس کے عملی اثرات اور تبدیلی محسوس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے کیے گئے اعتماد اور محبت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ کشمیری عوام نے پاکستانیت اور مسلم لیگ (ن) سے اپنی وابستگی ثابت کردی۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عوام نے راجہ ثاقب مجید پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنایا، ان سے کیا گیا وعدہ بھی پورا کردیا گیا ہے اور انہیں وزارت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کشمیری عوام نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مشکل حالات کے باوجود عوام نے گھروں سے نکل کر مسلم لیگ (ن) کو بھرپور کامیابی دی۔ عوامی اعتماد مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان محبت اور وابستگی تاریخی ہے اور مسلم لیگ (ن) اس رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انجینئر امیر مقام نے بہترین اور پرامن انتخابات کروانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، افواج پاکستان اور دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لیے اعلان کردہ 100 روزہ پروگرام پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔ اگر وہ آج آزاد کشمیر میں موجود ہیں تو اس کا مقصد عوام کا شکریہ ادا کرنا اور انہیں یہ یقین دلانا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے گی۔
وزیر امور کشمیر نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم کسی بھی احتجاج کے نتیجے میں عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے احتجاج کرنے والے حلقوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کو تکلیف دینے سے گریز کریں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ایسے کسی احتجاج یا سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ سیاسی معاملات کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے اور عوام کو سیاسی کشمکش کا ایندھن نہیں بننا چاہیے۔
وزیر امور کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکن عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
ریلی میں وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید، شفقت علی چوہدری ایڈووکیٹ، ممبر ضلع کونسل یاسر گیلانی، سردار نائید عباسی، راجہ عامر ظفر کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
راجہ ثاقب مجید کا خطاب
وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید نے ’’جیوے پاکستان‘‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات کے دوران آزاد کشمیر کے 33 حلقوں میں گھر گھر جاکر عوام تک خدمت، تعمیر و ترقی اور ملک و ملت سے محبت کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے عوام نے پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنا کر انتخابی نشان شیر پر اعتماد کا اظہار کیا اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے منشور کی حمایت کی۔
راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ انجینئر امیر مقام کی محنت اور کاوشوں کے ساتھ ساتھ پارٹی قیادت پر عوامی اعتماد نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاج کی کال کے باوجود آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ ریاست کو انتشار اور افراتفری کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے اور وابستگی پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کرنے والے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیری عوام کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ کشمیریوں کا محور و مرکز پاکستان ہے اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نظریے پر قائم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کی جدوجہد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔
انہوں نے وزیر امور کشمیر امیر مقام کی قیادت میں منعقدہ ریلی میں شرکت کرنے والے تمام شرکا، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور کشمیر کاز سے وابستگی کا اظہار ہے۔