اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ

نئی بس سروس 15 سے زائد تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کو آپس میں ملائے گی

September 24, 2026 · کائنات کے رنگ

اسلام آباد کے سیاحتی مقامات کے لیے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں

 

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو اسلام آباد کی سیر کا نیا موقع فراہم کرے گی، جبکہ ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے شہر کے خوبصورت مناظر سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکے گا۔

الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات سے منسلک ہوں گی۔ روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک شامل ہوں گے۔

سی ڈی اے کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو دارالحکومت کی خوبصورتی دیکھنے کا نیا اور منفرد موقع فراہم کرے گی۔ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں میں 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں اور سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ترجیح ہے، جبکہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس اسلام آباد کی سیر کو ایک نیا اور منفرد انداز دے گی۔

سی ڈی اے کا مقصد اسلام آباد کو مزید پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینا ہے۔ شہریوں نے اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔