پاکستان کبڈی ٹیم ایشین گیمز میں پہلی بار میڈل سے محروم
پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز ملائیشیا کے خلاف 6522 کی کامیابی سے کیا، جبکہ دوسرے میچ میں نیپال کو 5843 سے شکست دی
پاکستان کبڈی ٹیم ایشین گیمز میں پہلی بار میڈل سے محروم
پاکستان کی مینز کبڈی ٹیم ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے میں ناکام ہوگئی، جس کے بعد قومی ٹیم ایونٹ میں پہلی بار بغیر کسی تمغے کے واپسی کرے گی۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں آخری گروپ میچ میں ایران کے ہاتھوں 51-30 کی شکست کے ساتھ ختم ہوئیں۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں چار میں سے دو میچز میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز ملائیشیا کے خلاف 65-22 کی کامیابی سے کیا، جبکہ دوسرے میچ میں نیپال کو 58-43 سے شکست دی۔ تاہم تھائی لینڈ کے خلاف 48-45 کی شکست نے قومی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
گروپ کے آخری میچ میں پاکستان کو مضبوط ایرانی ٹیم کے ہاتھوں 51-30 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
کبڈی 1990 سے ایشین گیمز کا مستقل حصہ ہے اور پاکستان نے اس سے قبل ہر ایڈیشن کے مینز مقابلوں میں کم از کم ایک تمغہ حاصل کیا تھا۔
پاکستان نے ایشین گیمز کی مینز کبڈی میں اب تک مجموعی طور پر 9 تمغے جیتے ہیں، جن میں 2 چاندی اور 7 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
آئچی ناگویا ایشین گیمز میں گروپ مرحلے سے اخراج کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان کی مینز کبڈی ٹیم ایشین گیمز سے بغیر تمغے کے واپس لوٹے گی۔