متنازع جشن منانا اسرائیلی فٹبالر کو بھاری پڑگیا،ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا
کارنر فلیگ نکالا اور گھٹنے کے بل بیٹھ کر فلیگ کو ہاتھ پر رکھتے ہوئے ایسا اشارہ کیا جو فائرنگ کی نقل محسوس ہوا۔
متنازع جشن منانا اسرائیلی فٹبالر کو بھاری پڑگیا،ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا
ویانا: نیشنز لیگ کے میچ میں آسٹریا کے خلاف گول کرنے کے بعد متنازع انداز میں جشن منانے پر اسرائیلی فٹبالر سعید ابو فرحچی کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
میچ کے دوسرے ہاف کے آغاز میں ابو فرحچی نے گول کرکے اسرائیل کو 1-1 سے برابر کردیا۔ گول کے بعد وہ کارنر کے قریب گئے، کارنر فلیگ نکالا اور گھٹنے کے بل بیٹھ کر فلیگ کو ہاتھ پر رکھتے ہوئے ایسا اشارہ کیا جو فائرنگ کی نقل محسوس ہوا۔
اس حرکت کے بعد ریفری نے انہیں دوسرا یلو کارڈ دکھایا، جس کے نتیجے میں وہ ریڈ کارڈ کے ذریعے میدان سے باہر ہوگئے۔ انہیں پہلا یلو کارڈ ملنے کے صرف چار منٹ بعد ہی دوسری وارننگ دی گئی۔
ابو فرحچی کے اشارے کا مقصد واضح طور پر سامنے نہیں آسکا اور یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کسی کھیل کے انداز کی نقل کر رہے تھے یا ہتھیار چلانے کا اشارہ دے رہے تھے۔
ایک کھلاڑی کم ہونے کے بعد آسٹریا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی اور مقابلہ 3-1 سے اپنے نام کرلیا۔ آسٹریا کی جانب سے رومانو شمٹ نے پنالٹی پر ابتدائی گول کیا، جبکہ فلپ موینے اور ساشا کالادزیچ نے میچ کے آخری لمحات میں گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔