سری لنکا نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے دی
سیریز کا فیصلہ کن تیسرا ون ڈے اتوار کو دی اوول میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے دی
ہیڈنگلے: سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کو 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ انگلینڈ کی سرزمین پر سری لنکا کی یہ سات سال بعد ون ڈے میں پہلی کامیابی ہے۔
ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔ کپتان کوشال مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 گیندوں پر 121 رنز کی سنچری اسکور کی۔
کامندو مینڈس نے 54، پون رتنائیکے نے 48 جبکہ جینتھ لیاناگے نے 32 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن اور ریحان احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن کی جانب سے 143 رنز کی اوپننگ شراکت کے ذریعے اچھا آغاز کیا۔ بعد ازاں جوز بٹلر نے 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا، تاہم ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔
بٹلر کے میدان سے باہر جانے کے بعد سری لنکا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ دونیتھ ویلالاگے نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آخری اوورز میں سری لنکن بولرز نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کو 9 وکٹوں پر 305 رنز تک محدود کردیا۔
اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے نہ صرف ون ڈے سیریز برابر کی بلکہ رواں دورہ انگلینڈ میں اپنی پہلی فتح بھی حاصل کرلی۔ اس سے قبل سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پہلے ون ڈے میں بھی انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سیریز کا فیصلہ کن تیسرا ون ڈے اتوار کو دی اوول میں کھیلا جائے گا۔