اوگرا نے پیٹرول مہنگا اور ہائی سپیڈ ڈیزل سستا کر دیا

نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن، پیٹرول مہنگا اور ڈیزل سستا، اطلاق فوری ہوگا۔

September 25, 2026 · اہم خبریں
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اجرا

پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اجرا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 2 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے نفاذ کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 408 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق یہ تبدیلیاں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے منظور شدہ پٹرولیم پرائسنگ میکنزم اور عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں، حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی پٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک 100 روپے رعایت پر پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کے لیے یہ کوٹہ ماہانہ 30 لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ اس رعایتی اسکیم سے مستفید ہونے کے لیے شہریوں کو اپنے کوائف 9771 پر ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔