30 ستمبر تک شدید بارشوں کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے

September 26, 2026 · ماحولیاتی تغیر
30 ستمبر تک شدید بارشوں کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری( فائل فوٹو)

30 ستمبر تک شدید بارشوں کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری( فائل فوٹو)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے 30 ستمبر تک متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر میں احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی بھی ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ پنجاب میں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ اور سیالکوٹ کے بعض علاقوں کے لیے بھی اسی نوعیت کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سرگودھا کے علاوہ فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش سے شہری سیلاب کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی ٹیمیں اور ضروری وسائل پہلے سے تیار رکھے جائیں۔ بارش، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور زیر آب سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے افراد بھی موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔