پاکستان کو محفوظ اور پرکشش سیاحتی مقام بنانے کیلئے پرعزم ہیں،شہباز شریف

ملک میں سکھ، بدھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اہم تاریخی اور مقدس مقامات موجود ہیں۔

September 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں سیاحت کے فروغ، سیاحتی سہولیات کی بہتری اور اس شعبے سے وابستہ افراد کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان کے قدرتی، تاریخی اور ثقافتی حسن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاحت کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خوبصورت پہاڑی علاقے، دلکش وادیاں، معتدل موسم اور متنوع قدرتی مناظر دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہزاروں سال پرانی تہذیبوں اور تاریخی ورثے کا امین ہے، جبکہ مذہبی سیاحت کے حوالے سے بھی ملک میں سکھ، بدھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اہم تاریخی اور مقدس مقامات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے ساتھ مقامی آبادی اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان کو ایک محفوظ، پرکشش اور مسابقتی سیاحتی مقام کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف کے مطابق سیاحت کا فروغ نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ مختلف ممالک اور معاشروں کے درمیان روابط کو بھی مضبوط کرتا ہے