آئرلینڈ کے گول کیپر گیون بازونو کا اسرائیل سے میچ کھیلنے سے انکار
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا، جس کے بعد آئرش اسکواڈ میں میچ میں شرکت کے حوالے سے مشاورت شروع ہوگئی
آئرلینڈ کے گول کیپر گیون بازونو کا اسرائیل سے میچ کھیلنے سے انکار
ڈبلن: جمہوریہ آئرلینڈ کے گول کیپر گیون بازونو نے اسرائیل کے خلاف یوفا نیشنز لیگ کا میچ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے خود کو ٹیم سے الگ کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بازونو نے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا، جس کے بعد آئرش اسکواڈ میں میچ میں شرکت کے حوالے سے مشاورت شروع ہوگئی۔ اس صورتحال کے باعث ٹیم کا ٹریننگ سیشن اور پریس کانفرنس بھی تاخیر کا شکار ہوئی
رپورٹس کے مطابق آئرش کھلاڑیوں نے کئی گھنٹے تک باہمی مشاورت کی، جس کے بعد اسکواڈ کی اکثریت نے اسرائیل کے خلاف میچ کھیلنے کے حق میں ووٹ دیا۔ یوں میچ منسوخ یا بائیکاٹ کرنے کے بجائے مقررہ پروگرام کے مطابق کھیلے جانے کا فیصلہ کیا گیا
بازونو نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ذاتی اصول اور خطے میں جاری واقعات کے حوالے سے ان کے مؤقف سے متعلق ہے۔ دوسری جانب مڈفیلڈر جیسن نائٹ بھی اس سے قبل میچ کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں
اس معاملے پر آئرلینڈ میں بھی بحث جاری ہے اور 160 سے زائد آئرش کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے قومی ٹیم سے اسرائیل کے خلاف میچز کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا
آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان پہلا نیشنز لیگ میچ ہنگری کے شہر ڈیبریسن میں کھیلا جائے گا، جبکہ دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو سربیا کے شہر باچکا ٹوپولا میں دوبارہ مدمقابل ہوں گی۔ دوسرا میچ سکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث بند دروازوں کے پیچھے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔