بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں 7 سال بعد واپسی ناکام رہی
پہلا میچ، دونوں اننگز میں مایوس کن کارکردگی، تماشائی مایوس لوٹے۔
بابر اعظم 7 سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے میدان میں اترے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم 7 برس بعد ڈومیسٹک کرکٹ کا میچ کھیلنے میدان میں اُترے لیکن ان کی واپسی انتہائی مایوس کن رہی۔ ایبٹ آباد میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم کے آر ایل کے خلاف میچ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔
میچ کے دوران بابر اعظم پہلی اننگز میں صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں بھی وہ نمایاں کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے اور محض 4 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ یوں وہ اس میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف 16 رنز بنا سکے۔ بابر اعظم کی اس ناقص کارکردگی کے باعث ایبٹ آباد کے میدان میں آئے ہزاروں تماشائیوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے اس سے قبل آخری مرتبہ 2019 میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت اے کیٹیگری کے ٹیسٹ اسپیشلسٹس کے لیے سالانہ کم از کم 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت رواں سیزن میں کئی قومی کھلاڑی پریذیڈنٹ ٹرافی میں شرکت کر رہے ہیں۔