عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی
نرخوں میں نمایاں گراوٹ، فی تولہ سونا سستا ہو گیا، خریداروں کو ریلیف مل گیا
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا منظر
عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 128 ڈالر کی کمی کے بعد 4156 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس بڑی تنزل کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر دیکھے گئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 12800 روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 38 ہزار 136 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 10973 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ 3 لاکھ 75 ہزار 631 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کے نرخوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 325 روپے کی کمی سے 6578 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 279 روپے کی کمی کے بعد 5639 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، امریکی معاشی اشاریوں اور جغرافیائی سیاسی صورتحال کی غیر یقینی کیفیت ان قیمتی دھاتوں کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔