پی ٹی آئی دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ
سخت الزامات، پی ٹی آئی کالعدم ٹی ٹی پی کی بی ٹیم ہے، صوبائی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف دہشت گردوں کی مالی معاونت میں براہِ راست ملوث ہے اور یہ جماعت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی بی ٹیم کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاست کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں مگر تحریک انصاف تمام حدیں پار کر چکی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی حکومت ہر شعبے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور جمیعت علمائے اسلام کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، لیکن یہ ایک لمحہ فکریہ ہے کہ دہشت گرد صرف پی ٹی آئی کو ہی کیوں نشانہ نہیں بناتے؟ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں دھڑلے سے چل رہی ہیں اور موٹر سائیکل نمبر پلیٹوں سے بھی محروم ہیں، جنہیں جان بوجھ کر قانونی دائرے میں نہیں لایا جا رہا اور یہی گاڑیاں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کو نہتا کر کے دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اب پولیس سے اختیارات بھی واپس لے رہی ہے اور صوبے کو ملنے والے فنڈز پولیس کی بجائے دھرنوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کاؤنٹر ٹیررازم کی مد میں ملنے والا این ایف سی کا فنڈ کہاں خرچ کیا گیا، اس کا حساب دیا جائے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 4 اکتوبر کے احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کی کوئی تیاری نہیں ہے، تاہم بیک ڈور رابطے پہلے بھی جاری تھے اور آئندہ بھی ہو سکتے ہیں جبکہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کے حوالے سے حتمی رائے قائم کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔