عمران خان کی اجازت تک سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے، جنید اکبر

سیاسی رابطے جاری ہیں، ملکی مفاد پہلی ترجیح ہے، رہنما تحریک انصاف

September 28, 2026 · اہم خبریں
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے

پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے کہا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان خود ہدایت نہیں کرتے، سہیل آفریدی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام اور ان کی پارٹی نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، اور عوام مخالفین کے بیانیے کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے۔

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے اتنی بڑی تعداد میں کنٹینرز اور پولیس فورس کی تعیناتی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شدید پریشانی کا شکار تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی تیاری اتنی مضبوط ہے کہ وہ محض 24 گھنٹے کے اندر باہر نکل آتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ذاتی تعلقات اچھے نہیں رہے، اس لیے اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پس پردہ رابطے ہمیشہ جاری رہتے ہیں اور ان کی پارٹی نے ایک چار رکنی مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے کیونکہ پی ٹی آئی بامقصد مذاکرات پر کامل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا مقصد کسی شہر کو فتح کرنا نہیں ہے بلکہ ملک اور ادارے سب کے ہیں، اس لیے تمام معاملات کو بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے۔