ایران کا سات نکاتی منصوبہ امریکا پہنچ گیا، اب جواب کا انتظار ہے، عراقچی

ایران کی پیش کردہ شرائط منصفانہ اور منطقی ہیں، اگر امریکا واقعی مذاکرات اور پُرامن حل کا خواہاں ہے تو ایران نے اس مقصد کے لیے اپنا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

September 29, 2026 · بام دنیا
ایران کا سات نکاتی منصوبہ امریکا پہنچ گیا، اب جواب کا انتظار ہے، عراقچی

ایران کا سات نکاتی منصوبہ امریکا پہنچ گیا، اب جواب کا انتظار ہے، عراقچی

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ قطر کے ذریعے ایران کا سات نکاتی منصوبہ امریکی حکام تک پہنچا دیا گیا ہے اور اب تہران واشنگٹن کے جواب کا انتظار کر رہا ہے۔

نیویارک سے تہران روانگی سے قبل ایرانی خبر رساں ادارے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے بتایا کہ پیر کے روز قطری ثالث کے ذریعے ہونے والی بات چیت میں ایران کا مؤقف امریکی فریق تک پہنچا دیا گیا۔ ان کے مطابق توقع ہے کہ امریکی جواب منگل کو ثالثوں کے ذریعے ایران کو موصول ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کا مقصد امریکا کو اپنی شرائط سے آگاہ کرنے کے ساتھ عالمی برادری پر یہ واضح کرنا بھی تھا کہ تہران کے پاس موجودہ صورتحال کے حل کے لیے ایک منصوبہ موجود ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی پیش کردہ شرائط منصفانہ اور منطقی ہیں، اگر امریکا واقعی مذاکرات اور پُرامن حل کا خواہاں ہے تو ایران نے اس مقصد کے لیے اپنا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ان اطلاعات کو بھی مسترد کیا جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ تہران اپنے جوہری پروگرام کے معاملے پر مؤقف میں نرمی اختیار کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں سے مختلف ذرائع ابلاغ میں ایران کے حوالے سے متعدد دعوے سامنے آ رہے ہیں، تاہم ایران کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق تہران کی شرائط بھی واضح ہیں۔

عباس عراقچی ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک گئے تھے۔

ان کے مطابق دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں سے یہ بات سامنے آئی کہ ایران عالمی سطح پر تنہا نہیں اور اسے مختلف ممالک کی جانب سے حمایت اور احترام حاصل ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ متعدد ملاقاتوں میں مختلف ممالک کے حکام اور عوام کی جانب سے ایران کے اقدامات اور اس کی مزاحمت کو سراہنے کی بات سامنے آئی۔