سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 7 دہشتگرد ہلاک

عزمِ استحکام ویژن، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، بھاری اسلحہ برآمد

September 29, 2026 · اہم خبریں
سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا نمائشی عکس

سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا نمائشی عکس

عزمِ استحکام ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ یہ دہشتگرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الخوارج کے 11 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ عسکری حکام کا عزم ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔