مدھیہ پردیش: شاہی مسجد کے تحفظ کیلئے جمع مسلمانوں پر بھارتی پولیس ٹوٹ پڑی،لاٹھی چارج، شیلنگ

موجودہ مینار کو ہٹانے سے قبل متبادل مینار تعمیر کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم انتظامیہ نے اسے قبول نہیں کیا۔مقامی افراد

September 29, 2026 · بام دنیا
مدھیہ پردیش: شاہی مسجد کے تحفظ کیلئے جمع مسلمانوں پر بھارتی پولیس ٹوٹ پڑی،لاٹھی چارج، شیلنگ

مدھیہ پردیش: شاہی مسجد کے تحفظ کیلئے جمع مسلمانوں پر بھارتی پولیس ٹوٹ پڑی،لاٹھی چارج، شیلنگ

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 600 سال پرانی شاہی مسجد کے ایک حصے کو سڑک کی توسیع کے منصوبے میں شامل کیے جانے کے معاملے پر کشیدگی پیدا ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2028 میں ہونے والے ہندو مذہبی میلے سمہاستھا کمبھ سے قبل شہر میں سڑکوں کو کشادہ کرنے کا منصوبہ جاری ہے، جس کے تحت مسجد کے تقریباً تین فٹ حصے کو ہٹانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ حصہ نماز کی ادائیگی کے لیے استعمال نہیں ہوتا۔

رپورٹس کے مطابق مسجد کے تحفظ کے مطالبے پر مقامی مسلمان کئی روز سے وہاں موجود تھے۔ پیر کی صبح انتظامیہ اور پولیس کی موجودگی میں کارروائی کی صورتحال پیدا ہونے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد دوبارہ مسجد کے قریب جمع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس استعمال کی، جس کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ صورتحال کے دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔

مسجد کے مینار کے حوالے سے بھی فریقین کے درمیان اختلاف برقرار ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے موجودہ مینار کو ہٹانے سے قبل متبادل مینار تعمیر کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم انتظامیہ نے اسے قبول نہیں کیا۔

دوسری جانب اجین کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پردیپ شرما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسجد کمیٹی اور مسلم برادری 2028 کے مذہبی میلے کے پیش نظر سڑک کی توسیع کے علاقے میں آنے والے مسجد کے حصے کو باہمی اتفاق اور تعاون سے خود ہٹا رہی ہے۔