جوہری ہتھیار ملے تو ایران دنیا کو بلیک میل کرے گا،روبیو
خطے سے گزرنے والے تیل کی مجموعی مقدار ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہونے سے قبل کی سطح کے قریب ہے۔
جوہری ہتھیار ملے تو ایران دنیا کو بلیک میل کرے گا،روبیو(فائل فوٹو)
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرلیتا ہے تو اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ایک بڑا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں مارکو روبیو نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اس وقت کھلی ہے اور خطے سے گزرنے والے تیل کی مجموعی مقدار ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہونے سے قبل کی سطح کے قریب ہے۔
ان کے مطابق ایران کے پاس جوہری ہتھیار آنے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنے کی صلاحیت بڑھ سکتی ہے۔ روبیو نے کہا کہ ایران مختلف ممالک کے لیے توانائی کی رسائی کے حوالے سے فیصلے کرنے یا اس راستے پر ٹیکس عائد کرنے کی کوشش کرسکتا ہے، جسے امریکا ایک ناقابل قبول خطرہ سمجھتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے ایران کے طرز حکمرانی پر بھی تنقید کی۔ ان کا الزام ہے کہ ایرانی حکومت معاشی وسائل کو عوامی فلاح کے بجائے ہتھیاروں کی تیاری اور خطے میں اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔
مارکو روبیو نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران حزب اللہ، حماس اور عراق میں موجود بعض شیعہ مسلح گروہوں کی مالی معاونت کرتا ہے اور دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کی سرپرستی بھی کرتا ہے۔ یہ الزامات امریکی مؤقف کی نمائندگی کرتے ہیں، جبکہ ایران ان نوعیت کے امریکی الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔