ایران پر پابندیوں میں نرمی، نجف کیلئے پروازیں بحال
پروازوں کی بحالی کے لیے عراقی حکام کی جانب سے سفارتی کوششیں کی گئی تھیں۔
فائل فوٹو
امریکی انتظامیہ نے ایران پر عائد بعض پابندیوں میں عارضی نرمی کرتے ہوئے عراق کے شہر نجف اور ایران کے درمیان مسافر پروازوں کی بحالی کی اجازت دے دی ہے۔
عراقی میڈیا کے مطابق اس فیصلے کے بعد نجف اور ایران کے مختلف ہوائی اڈوں کے درمیان پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ پروازوں کی بحالی کے لیے عراقی حکام کی جانب سے سفارتی کوششیں کی گئی تھیں۔
رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ عراقی ایئر ویز کو ایک ماہ تک ایران اور نجف کے درمیان پروازیں چلانے کی اجازت دے گا۔ ذرائع کے مطابق مستقبل میں اس عارضی اجازت کو مستقل استثنیٰ میں تبدیل کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
عراقی حکام نے امریکا سے طبی علاج، تعلیم اور مذہبی زیارت کے لیے ایران جانے والے افراد کے لیے بھی پابندیوں سے استثنیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔
پروازوں کی بحالی سے ایران اور عراق کے درمیان مذہبی زیارتوں سمیت مسافروں کی آمدورفت میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔