لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم تبدیل، راتیں ٹھنڈی ہونے لگیں
موسمی تبدیلی کا آغاز، راتوں میں خنکی بڑھ گئی، آلودگی میں اضافہ ریکارڈ۔
لاہور میں موسم کی تبدیلی اور آلودگی کے بعد کا منظر
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث رات کے اوقات میں خنکی اور ٹھنڈک کا احساس بڑھنے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت سمیت بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ فی الحال بارش کے کوئی نمایاں امکانات موجود نہیں ہیں۔ موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
دوسری جانب موسم کی اس تبدیلی اور درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ہی فضایی آلودگی اور اسموگ کے تناسب میں بھی بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ تحفظ ماحول اور موسمیاتی رپورٹس کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 160 سے زائد کی سطح پر ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔