ہنگری کی پارلیمنٹ نے موبائل فون چھیننے کے الزام پر وزیراعظم کا استثنیٰ ختم کردیا
اہم پیش رفت، وزیراعظم پر تحقیقات کا راستہ کھل گیا، اپوزیشن رہنما نے حمایت کردی۔
ہنگری کے وزیراعظم پیٹر میگیار پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
بڈاپسٹ (نیوز ڈیسک) ہنگری کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم پیٹر میگیار سمیت 3 قانون سازوں کا پارلیمانی استثنیٰ کثرت رائے سے ختم کردیا ہے، جس کے بعد وزیراعظم کے خلاف مبینہ طور پر موبائل فون چھیننے اور اسے دریائے ڈینیوب میں پھینکنے کے معاملے کی تحقیقات کا باضابطہ راستہ کھل گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں یہ قرارداد 139 ووٹوں سے منظور کی گئی جبکہ اس کی مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا۔
سرکاری دستاویزات اور استغاثہ کے بیانات کے مطابق یہ واقعہ جون 2024 کا ہے جب پیٹر میگیار یورپی پارلیمنٹ کے رکن تھے۔ بڈاپسٹ کے ایک نائٹ کلب میں ایک شہری ان کی ویڈیو بنا رہا تھا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ الزام ہے کہ میگیار نے اس شخص کا 1 لاکھ فورنٹ مالیت کا موبائل فون چھین لیا اور مبینہ طور پر اسے دریائے ڈینیوب میں پھینک دیا۔ بعد ازاں یہ فون غوطہ خوروں کی مدد سے دریا سے نکال کر اس کے مالک کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
ستمبر 2024 میں ہنگری کے چیف پراسیکیوٹر نے یورپی پارلیمنٹ سے پیٹر میگیار کا استثنیٰ ختم کرنے کی درخواست کی تھی جسے اس وقت مسترد کر دیا گیا تھا۔ مئی میں یورپی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم ہونے اور ہنگری کی قومی پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے کے بعد انہیں دوبارہ پارلیمانی استثنیٰ حاصل ہوگیا تھا، جس پر پراسیکیوٹرز نے مقامی پارلیمنٹ سے رجوع کیا۔ وزیراعظم پیٹر میگیار نے خود بھی اپنا استثنیٰ ختم کرنے کی مکمل حمایت کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا اور وہ اس معاملے کو عدالت کے سامنے واضح کرنا چاہتے ہیں، جبکہ انہوں نے اس کیس کو سیاسی نوعیت کا بھی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ہنگری کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم کے علاوہ 2 سابق وزرا کا استثنیٰ بھی ختم کر دیا ہے۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق سابق وزیر ثقافت و اختراع بالاز ہانکو پر 4.7 کروڑ یورو کے قومی ثقافتی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال جبکہ سابق وزیر قومی ترقی میکلوس سیزتاک پر 3.2 کروڑ یورو سے زائد کی رشوت لینے کے الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔ پارلیمانی استثنیٰ کے خاتمے سے تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے تاہم حتمی فیصلے کا دارومدار عدالتی کارروائی پر ہوگا۔