ایشین گیمز: بنگلا دیشی کپتان نجم الحسن شنٹو پاکستان کیخلاف سیمی فائنل سے باہر

اہم پیش رفت، کوارٹر فائنل بارش کی نذر، بہتر رینکنگ پر سیمی فائنل رسائی۔

September 29, 2026 · اہم خبریں
ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کا ایک منظر

ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کا ایک منظر

ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان کے خلاف سیمی فائنل سے قبل بنگلا دیش کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں ٹیم کے اہم کھلاڑی اور کپتان نجم الحسن شنٹو بخار اور طبعی ناسازی کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

دستاویزات اور ٹیم مینجمنٹ کے مطابق نجم الحسن شنٹو بنگلا دیشی ٹیم کے ساتھ ناگویا پہنچنے کے بعد سے بخار میں مبتلا ہیں اور گزشتہ 4 روز سے ان کی طبیعت ناساز ہے۔ بنگلا دیشی ٹیم کے فزیو بیجدال اسلام خان نے بتایا ہے کہ شنٹو مسلسل بخار کے باعث شدید کمزوری کا شکار ہیں اور ایشین گیمز میں مزید میچز کے لیے بروقت صحت یاب ہونے کی توقع نہیں ہے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ایونٹ کے چاروں کوارٹر فائنل مسلسل بارش کے باعث منسوخ ہوگئے ہیں۔ بارش کے باعث بنگلا دیش اور ملائیشیا کے درمیان طے شدہ کوارٹر فائنل میچ شروع ہی نہ ہو سکا، جس کے بعد بہتر رینکنگ کی بنیاد پر بنگلا دیشی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے رسائی حاصل کر لی۔

رپورٹس کے مطابق ایشین گیمز میں کرکٹ کے دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جن میں پہلا سیمی فائنل پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان دن 10 بجے شیڈول ہے۔