امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسلامی تہواروں عید الفطر اور عید الاضحی پر سرکاری تعطیلات کا اعلان

تاریخی پیش رفت، گورنر نے قانون کی منظوری دیدی، مسلمانوں کو بڑا ریلیف ملا۔

September 29, 2026 · اہم خبریں
کیلیفورنیا کے گورنر کے دستخط کے بعد عید کی سرکاری تعطیلات کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر کے دستخط کے بعد عید کی سرکاری تعطیلات کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مسلم کمیونٹی کے لیے ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے اسلامی تہواروں عید الفطر اور عید الاضحی پر تعطیلات کو سرکاری تعطیلات قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر کیلیفورنیا گیون نیوزوم نے باضابطہ طور پر قانون اے بی 2017 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد دونوں عیدوں کو ریاست بھر میں سرکاری تعطیلات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، اس قانون کے نفاذ سے ریاست میں مقیم لاکھوں مسلمانوں کو درپیش ایک دیرینہ مسئلے کا بھی حل نکل آیا ہے، کیونکہ اس سے قبل عیدین کے موقع پر ملازمین اور طلباء کو نمازِ عید کی ادائیگی اور اسکول یا ملازمت پر حاضری کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔ نئے قانون کے تحت کیلیفورنیا کے مسلمان ملازمین اب پہلے سے حاصل شدہ چھٹی کے حق کو استعمال کرتے ہوئے عید کی تعطیلات با آسانی منا سکیں گے۔

امریکی مسلمانوں کی بااثر تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (کائر) کے کیلیفورنیا چیپٹر نے اس قانون کی منظوری کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے۔ دستخط شدہ سرکاری دستاویزات اور بل کے متن کے مطابق، عید کی تعطیلات کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے سے متعلق اس قانون کو رواں برس مارچ کے آغاز میں اسمبلی ممبر میٹ ہینی نے منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا تھا۔

قانون ساز میٹ ہینی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیلیفورنیا ملک کی سب سے بڑی اور متحرک ترین مسلم کمیونٹیز میں سے ایک کا گھر ہے، اور ان کی مذہبی روایات و اقدار بھرپور احترام کی حق دار ہیں۔