روس کے انتہائی مشرقی علاقے میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، عملے کے 6 ارکان ہلاک
تربیتی پرواز کو حادثہ، ایندھن کا دھماکا وجہ بنی، تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
روس کے امور ریجن میں گر کر تباہ ہونے والے فوجی طیارے کے حادثے کی جگہ کا منظر۔
روس کے انتہائی مشرقی علاقے امور میں فوج کا ایک طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ حادثہ منگل کے روز پیش آیا۔ روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹاس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ٹی یو 95 (Tu-95) تھا جو امور ریجن کے گاؤں کراسنویاروو کے قریب ایک غیر آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔
روسی حکام اور خبر رساں اداروں کے مطابق فوجی طیارے میں کل 7 اہلکار سوار تھے۔ حادثے کے بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس ہولناک حادثے کی ممکنہ وجہ طیارے میں ہونے والا ایندھن کا دھماکا بتائی جارہی ہے۔ روسی حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔