شہباز شریف لندن اسٹاک ایکسچینج میں خطاب کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے
اہم دورہ، مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت، عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں، معاشی اصلاحات کا عزم۔
وزیراعظم شہباز شریف لندن اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کر رہے ہیں۔
لندن: وزیراعظم شہباز شریف لندن اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ دورہ برطانیہ کے دوران وزیراعظم نے لندن اسٹاک ایکسچینج کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کی۔ اس تاریخی موقع پر لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ سوئمر اور دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس باوقار تقریب میں مدعو کیا جانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے، اور اب تمام میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے 3 ارب ڈالرز کے یورو بانڈز کے اجرا کو معیشت کی مضبوطی کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
قبل ازیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں دنیا کے معروف مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان اداروں میں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ملک کے مالیاتی شعبے اور کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں سرمایہ مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ سٹی کے چیف کلائنٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ اسٹون کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کارپوریٹ اور ادارہ جاتی بینکنگ کی خدمات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
بلیک راک کے ایمرجنگ مارکیٹس اینڈ فرنٹیئرز کے شریک سربراہان گورڈن فریزر اور سیم ویچ جبکہ پورٹ فولیو مینیجر و ریسرچ انالسٹ ایملی فلیچر پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران فرنٹیئر مارکیٹس حکمت عملی کے تحت پاکستانی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی گئی۔ روتھ شیلڈ اینڈ کو کے چیئر، جیو اسٹریٹجک ایڈوائزری لارڈ مارک سیڈول اور ہیڈ آف یو کے انویسٹمنٹ بینکنگ مجید اسحاق سے ملاقات میں پاکستان کی جیو اکنامک ترجیحات اور کیپٹل مارکیٹس کی حکمت عملی پر مشاورتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔